آئیڈیاز 2016 :وزیر اعظم آج افتتاح کریں گے

بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا آغاز آج سے کراچی میں ہوگا ۔ وزیراعظم نواز شریف نمائش کا افتتاح کریں گے ۔ دفاعی نمائش کا سیکیورٹی پلان بھی مرتب کرلیا گیا ہے ۔پلان کے مطابق ریپڈ رسپانس فورس کی 4 کمپنیاں بھی اطراف کے علاقے میں سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گی ۔

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا باقاعدہ آغاز آج سے ہوگا جو 4 روز تک جاری رہے گی ۔ وزیراعظم نواز شریف ہتھیاروں کی نمائش کا افتتاح کریں گے ۔

نمائش میں 43 ممالک سے ك90 وفود شرکت کررہے ہیں اور ان میں سے 30 مندوبین اعلیٰ سطح كکے ہیں جن كکی سربراہی ان ملکوں کے وزیر دفاع، ڈیفنس سی ریٹریز، چیف ڈیفنس اسٹاف یا حاضر چیفس خود کریں گے ، مجموعی طور پر 261 غیرملکی اور 157 پاکستانی كکمپنیاں شریک ہوں گی جبکہ 34 ممالک کی 418 کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کریں گی ۔

نمائش اور سیمینار میں صدر مملکت ممنون حسین سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی ، وزیر دفاع ، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سمیت دیگر وفاقی وزرا شرکت کریں گے جبکہ نمائش میں رجسٹرڈ عام شہری بھی شرکت کر سکیں گے ۔

دوسری جانب دفاعی نمائش کا سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ۔پلان کے مطابق 2 ایس پیز ، 4 ڈی ایس پیزسمیت 2 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے ۔

سوک سینٹر کے اطراف سڑکیں ٹریفک کے لئے بند رہیں گی جب کہ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یونیورسٹی روڈ کو ٹریفک کے لئے بند نہیں کیا جائے گا ۔