جلاوطن نہیں آرہا ہوں، زرداری، عمران انوکھا لاڈلہ، کھیلن کو مانگے ’’چاندنی

کراچی (جنگ نیوز )سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ جلا وطن نہیں، چندہفتے تک پاکستان میں ہوں گے۔ عمران خان ہر بال پر چھکا مارنا چاہتے ہیں، وکٹیں تو اُڑیں تو ہمارا کیا قصور۔عمران خان جب سیاست دان بن جائیں گے تو ان سے بھی بات کر لیں گے، سب کو ساتھ لیکر چلنے کے فلسفے پر قائم ہیں، پیپلز پارٹی ہی عوام کی پارٹی اور خدمت گار جماعت ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ عمران خان پاناما لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں لے کر گئے، اگر سپریم کورٹ کے کمیشن کا بھی کوئی نتیجہ نہ نکلا تو کیا فائدہ؟،جمہوریت کا ارتقا سپریم کورٹ میں نہیں پارلیمنٹ میں ہوگا۔وہ جیو نیوز کے پروگرام’’ کیپیٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کر رہے تھے۔ ایک سوال پر سابق صدر نے کہا کہ میں جلا وطن نہیں، عنقریب آپ سے پاکستان میں ملاقات ہوگی، جب ان سے پوچھا گیا کہ عنقریب کا مطلب کچھ دن ہے یا کچھ ہفتے، تو انہوں نے کہا کہ کچھ ہفتے۔حامد میرنے سوال کیا کہ عمران خان اعتزاز احسن کی تعریف کرتے ہیں اور آپ پر تنقید کرتے ہیں ، اس کی کیا وجہ ہے۔اس پر آصف زرداری نے کہا ’’انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاندنی‘‘ چاندنی کا مطلب ہے ’’پرائم منسٹر شپ‘‘۔کراچی میں کچرے کی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے شہریوں کو جلد خوشخبر ی ملے گی، وزیراعلیٰ نے رپورٹ دی ہے کہ کچرے کی صفائی کیلئے چین کی کمپنی سے معاہدہ ہوگیا ہے، اس پرجلد کام شروع کرنے والے ہیں۔ آصف علی زرداری کا تفصیلی انٹرویو جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں پیر رات 8 بجکر 5 منٹ پرنشر کیا جائیگاجس میں سابق صدر نے پاناما لیکس اور ملک کی سیاسی ہلچل میں پیپلز پارٹی کے کردار پر بھی بات کی ہے۔

Facebook Comments