وزیر داخلہ نے علامہ اقبال ڈے کی چھٹی منسوخ کرنے کی وجہ بتادی

اسلام آباد  وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے یوم اقبال پر چھٹی نہ دینے کی بالآخر حقیقی وجہ بتا دی ہے اور کہا ہے کہ چھٹی کر کے ہم یوم اقبال نہیں منا سکتے بلکہ ان پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں چھٹیوں کی بہتات ہے اور ہمیں کام کرنے کی عادت ہونی چاہئے، 9 نومبر کی چھٹی گزٹیڈ نہیں تھی اس لئے دوبارہ اعلان کی ضرورت نہیں تھی لیکن چھٹی منا کر یوم اقبال نہیں منایا جا سکتا۔ اسے منانے کیلئے سکولوں میں سپیشل کلاسز منعقد کی جائیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے تاکہ پتہ چل سکے کہ ہم واقعی اقبال کے افکار کو پھیلا رہے ہیں اور ان پر عمل پیرا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ اور فریب کا ایک طوفان برپا ہے، اقبال ڈے پر چھٹی کے حوالے سے جعلی نوٹیفکیشن پر ایف آئی اے تحقیقات کر رہی ہے۔