شریف خاندان کی فیکٹریاں اور جائیدادیں، قمرزمان کائرہ نے بڑے انکشافات کرڈالے

لاہور(نیوزڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے شریف خاندان نے دبئی کی فیکٹری فروخت نہیں کی بلکہ اس کے ذریعے قرض حاصل کیا گیا، وزیراعظم بتائیں دبئی کی فیکٹری کس کو بیچی؟ قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا لندن فلیٹس کے بارے میں شریف خاندان ٹی وی انٹرویوز میں سب مان چکا ہے، سپریم کورٹ میں پروجیکٹر کے ذریعے ٹاک شوریکارڈ کا حصہ بنے، مریم نے انٹرویو میں تسلیم کیا تھا کہ انکی کوئی جائیداد نہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹرعارف علوی نے کہا شریف خاندان کے لندن فلیٹس کے بارے میں دیئے گئے بیانات میں تضاد ہے، سرکاری دستاویزات کے مطابق 2004 میں فلیٹس گروی رکھ کر لون لیا گیا، سپریم کورٹ میں ہم نے پٹیشن کے ساتھ 500 صفحات پرمشتمل دستاویزات لگائی تھیں، مزید دستاویزات آئیں گی توکورٹ میں داخل کریں گے۔ وزیرمملکت محمد زبیر نے کہا پی ٹی آئی والے لندن فلیٹس کے حوالے سے جھوٹ بولتے ہیں، تحریک انصاف کے رہنما میڈیا پر پیپرز دکھانے کے بجائے عدالت میں ثبوت پیش کریں، ان کے وکیل حامد خان کورٹ میں کئی دفعہ بتا چکے ہیں کہ ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں۔ (ب،ع)