بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں بربریت کی انتہا کردی ہے، راحیل شریف

رسال پور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کا پیشہ وارانہ صلاحیت میں کوئی مقابل نہیں اورمسلح افواج اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیارہیں۔پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کے دوران جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کا پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں کوئی مقابل نہیں، پاکستان امن پسند ملک ہے، مسلح افواج اندرونی اوربیرونی چیلنجز کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مادر وطن کے دفاع کے لئے ہر حد تک جائیں گے، دشمن کی کسی بھی جارحیت یا اسٹریٹجک غلط فہمی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کو سرزمین سے جڑ سے اکھاڑنے میں کامیاب ہوئے ہیں، بھارت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا کردارمسخ کرنا چاہتا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں بربریت کی انتہا کردی جس کا عالمی برادری نوٹس لے، بھارت کنٹرول لائن پرجعل سازی کے ذریعے بدنام کرنے کی سازش کررہا ہے۔اس سے قبل جنرل راحیل شریف نے رسالپور میں پی اے ایف اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب میں شرکت کی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گریجویٹ کیڈٹس کو برانچ بیجز لگائے اورگریجویٹ کیڈٹس کو برانچ بیجز لگائے اور اعزازات تقسیم کیے۔تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ محمد نعمت اللہ نے حاصل کی، بیسٹ فلائنگ کی چیف آف ایئر اسٹاف ٹرافی بھی محمد نعمت اللہ نے حاصل کی، کالج آف ایرو ناٹیکل انجینئرنگ کی اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ وہاج امجد نے حاصل کی، کالج آف فلائنگ ٹریننگ کی اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ رضا علی لے اڑے جب کہ پہلے لاجسٹک کورس میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ جواد رضا رضوی کوملی۔

Facebook Comments