وفاقی کابینہ اجلاس ، افغان مہاجرین کے قیام میں توسیع کی منظوری

اسلام آباد وفاقی کابینہ نے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے پاکستان قیام میں توسیع کی منظوری دیدی ۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے افغان مہاجرین کی واپسی کا ایسا منصوبہ بنائیں گے جس سے دونوں ممالک کے عوام منفی تاثر نہ لیں ۔ کابینہ نے دیامر بھاشا ڈیم اراضی کے معاوضے کی ادائیگی کی بھی منظوری دی ۔وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کو 31 مارچ 2017 تک پاکستان میں قیام کی منظوری دیدی ۔ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں رہائش پذیر افغان مہاجرین ہمارے مہمان ہیں، انہیں ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کو سہولتیں دینے کیلئے جامع اقدامات اٹھائے جائیں گے، ان کی واپسی کا ایسا منصوبہ بنائیں گے جس سے دونوں ممالک کے عوام منفی تاثر نہ لیں ۔وزیراعظم توانائی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میگا ہائیڈل پراجکیٹس کی تعمیر سے توانائی کی ضروریات پوری ہونگی ۔ حکومت نے مختصر، درمیانی اور طویل مدت کے توانائی منصوبے شروع کر رکھے ہیں، توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے پرعزم ہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کو معاوضے کی رقم شفاف طریقے سے ادا کی جائے گی۔