الیکشن کمیشن ارکان کے ناموں کی منظوری دے دی گئی

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پارلیمانی کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے چاروں صوبوں کے ارکان کے ناموں کی اکثریت رائے سے حتمی منظوری دے دی ہے جبکہ پی ٹی آئی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ارکان کے ناموں پر اعتراض اٹھایا اور ان کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج (پیر کو) سینیٹر پرویز رشید کی زیر صدارت ہوا جس میں زاہد حامد ، سینیٹر میر کبیر احمد، سینیٹر اسلام الدین شیخ ، د او¿د خان اچکزئی ، جنید انور چودھری ، ارشدخان لغاری ، غلام مصطفیٰ شاہ ، ڈاکٹر درشن ، نواب یوسف تالپور ، شیریں مزاری اورخالدمقبول صدیقی کمیٹی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے بھجوائے گئے 24 ناموں کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں کی حتمی منظوری دی ۔ پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن ارکان کیلئے خاتون سمیت تین ریٹائرڈ ججز اور سابق سیکرٹری کا نام فائنل کیا گیا ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے منظوری کے بعد سندھ سے عبدالغفورسومرو الیکشن کمیشن کے رکن ہوں گے ، وہ ریٹائرڈ سیکرٹری رہ چکے ہیں جبکہ پنجاب سے جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی ، بلوچستان سے جسٹس (ر)شکیل بلوچ اور خیبر پختونخوا سے خاتون رکن جسٹس (ر) مسمات ارشاد قیصر الیکشن کمیشن کی رکن ہوں گی۔